
مرکزاطلاعات فلسطین
ایرانی ہلال احمرکے سربراہ پیر حسین کولیوند نے جمعرات کے روز اعلان کیا ہے کہ ایران پر امریکہ اور قابض اسرائیل کے حملوں کے نتیجے میں 70 ہزار سے زائد سویلین رہائشی یونٹس متاثر ہوئے ہیں۔
اناطولیہ کے نامہ نگار کی جانب سے نقل کردہ پریس بیانات میں کولیوند نے بتایا کہ ان حملوں کے نتیجے میں 18 ہزار سے زائد شہری زخمی ہوئے اور 70 ہزار سے زیادہ رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے اس بات کی جانب بھی اشارہ کیا کہ ان حملوں کی وجہ سے 251 مراکزِ صحت اور 498 تعلیمی مراکز بھی متاثر ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ گذشتہ 28 فروری سے قابض اسرائیل اور امریکہ ایران کے خلاف ایک جنگ چھیڑے ہوئے ہیں جس میں اب تک سینکڑوں افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جن میں سرفہرست مرشدِ اعلیٰ علی خامنہ ای اور دیگر سیکورٹی حکام شامل ہیں۔ تہران اس جارحیت کا جواب قابض اسرائیل کی جانب میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے دے رہا ہے۔
ایران اس دوران ان مقامات اور مفادات کو بھی نشانہ بنا رہا ہے جن کے بارے میں اس کا کہنا ہے کہ وہ عرب ممالک میں موجود امریکی مراکز ہیں، تاہم ان میں سے بعض حملوں کے نتیجے میں جانی نقصان بھی ہوا اور سویلین املاک کو نقصان پہنچا جس کی متاثرہ ممالک کی جانب سے مذمت کی گئی ہے۔


