
مرکزاطلاعات فلسطین
لبنان کے دارالحکومت بیروت کے علاقے الجناح پر بدھ کے روز قابض اسرائیل کی وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں 7 افراد شہید اور 30 کے قریب زخمی ہو گئے ہیں۔ اسی دوران قابض اسرائیلی فوج نے ایک ٹارگٹ کلنگ آپریشن کا دعویٰ کیا ہے جس میں ان کے بہ قول حزب اللہ کے جنوبی محاذ کے کمانڈر الحاج یوسف اسماعیل الہاشم شہید ہو گئے ہیں۔
قابض فوج نے ایک بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ الہاشم جنوبی لبنان میں لڑائی کے انتظام کے ذمہ دار تھے اور انہوں نے میزائل و ڈرون حملوں کی قیادت کرنے کے ساتھ ساتھ حزب اللہ کی عسکری صلاحیتوں کی بحالی کی نگرانی بھی کی۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ وہ 40 سال سے زائد کا تجربہ رکھتے تھے اور انہیں نشانہ بنانا حزب اللہ کی جنگی صلاحیتوں کے لیے ایک بڑا دھچکا ہے۔
الجناح کے علاقے پر یہ بمباری منگل اور بدھ کی درمیانی شب ہونے والے ان اسرائیلی فضائی حملوں کے چند گھنٹے بعد کی گئی جن میں 5 افراد شہید اور 20 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔ لبنان میں مارچ کے آغاز سے جاری اس اسرائیلی سفاکیت اور تصادم میں مسلسل شدت آ رہی ہے۔
دوسری جانب حزب اللہ نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے اسرائیلی فوجی اور صنعتی مراکز پر میزائلوں اور ڈرونز سے حملوں کا اعلان کیا ہے۔ ان حملوں میں یودیفات ملٹری انڈسٹریز کمپنی اور محانییم کیمپ کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ صیہونی فوجیوں کے اجتماعات اور گاڑیوں پر بھی حملے کیے گئے۔ حزب اللہ کے مجاہدین نے قصبہ شمع میں قابض اسرائیلی فورسز کے ساتھ براہِ راست جھڑپیں بھی کیں جہاں ایک گائیڈڈ میزائل کے ذریعے دشمن کی فوجی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔
حزب اللہ نے شمالی قابض اسرائیل کے علاقوں بشمول حيفا اور گلیل میں بیک وقت بڑے پیمانے پر حملے کیے، جہاں ایک گھنٹے کے دوران 40 سے زائد میزائل اور ڈرون داغے گئے۔ اس سے قبل رات کے وقت بھی آپریشن خیبر 2 کے تحت حیفا، الکریوت، مغربی گلیل اور بالائی گلیل میں اسرائیلی اڈوں پر تقریباً 50 میزائل اور ڈرون داغے گئے۔
قابض اسرائیلی فوج نے اعتراف کیا ہے کہ اسے ان حملوں کے بارے میں پہلے سے کوئی انٹیلی جنس معلومات حاصل نہیں تھیں۔ تاہم دشمن نے دعویٰ کیا کہ اس کی زمینی کارروائیاں حزب اللہ کو شمال کی طرف دھکیل رہی ہیں اور اس نے اب تک لبنان میں 2500 مقامات کو نشانہ بنا کر حزب اللہ کے تقریباً 900 ارکان کو شہید کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
میدانی کارروائیوں کے حوالے سے قابض فوج نے بتایا کہ ڈویژن 91 کے ماتحت ریزرو بریگیڈ 8 نے جنوبی لبنان میں مخصوص زمینی آپریشن شروع کیا ہے تاکہ جسے وہ سکیورٹی کا دائرہ کہتے ہیں اسے وسیع کیا جا سکے۔ دشمن نے دعویٰ کیا ہے کہ اس دوران درجنوں مزاحمت کاروں کو شہید اور عسکری انفراسٹرکچر و اسلحہ خانوں کو تباہ کر دیا گیا ہے۔
ادھر بیروت کے جنوبی مضافات (ضاحیہ) اور لبنان کے مختلف علاقوں پر قابض اسرائیل کی غارت گری بدھ کے روز بھی جاری رہی، جبکہ دریائے زہرانی کے جنوب میں واقع قصبوں اور دیہاتوں کو خالی کرنے کے نوٹس بھی جاری کیے گئے ہیں۔
لبنانی وزارت صحت کے مطابق دو مارچ سنہ 2026ء سے شروع ہونے والی اس اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں اب تک شہدا کی کل تعداد 1268 ہو چکی ہے جبکہ 3750 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
ایک اور اہم میدانی پیش رفت میں قابض اسرائیلی فوج نے گذشتہ روز اعتراف کیا کہ جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے مجاہدین کے ساتھ جھڑپ میں ناحال بریگیڈ کا ایک افسر اور تین فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔ اس واقعے کو تصادم کے آغاز سے اب تک لبنانی محاذ پر قابض فوج کے بڑے جانی نقصانات میں سے ایک قرار دیا جا رہا ہے۔


