
مرکزاطلاعات فلسطین
لبنانی خبر رساں ایجنسی کے مطابق جنوبی لبنان کے مختلف قصبوں پر قابض اسرائیل کی وحشیانہ فضائی بمباری کے نتیجے میں متعدد لبنانی شہری شہید ہو گئے ہیں جبکہ دوسری جانب حزب اللہ نے قابض اسرائیلی بستیوں پر گولہ باری کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔
لبنانی وزارت صحت کے تحت قائم ہیلتھ ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے اپنی یومیہ رپورٹ میں بتایا ہے کہ دو مارچ سے چھ اپریل سنہ 2026ء تک جاری رہنے والی اسرائیلی سفاکیت کے نتیجے میں شہداء کی مجموعی تعداد 1497 تک جا پہنچی ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد 4639 ریکارڈ کی گئی ہے۔
جنوبی لبنان میں فریقین کے درمیان شدید تصادم دیکھا جا رہا ہے جہاں حزب اللہ نے آدھی رات سے اب تک قابض اسرائیل کے ٹھکانوں اور غیر قانونی بستیوں کی جانب تقریباً 40 راکٹ داغے ہیں۔
ان میں سے 10 راکٹوں پر مشتمل ایک دستے نے نہاریہ شہر کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں دو افراد معمولی زخمی ہوئے جبکہ تین مقامات پر راکٹوں کے ٹکڑے گرنے سے گاڑیوں میں آگ لگ گئی اور دیگر مادی نقصانات ہوئے۔
حزب اللہ نے اپنے پے در پے بیانات میں لبنانی سرحد اور مقبوضہ علاقوں کے اندر قابض فوج کے مراکز اور جتھوں کو نشانہ بنانے کے ساتھ ساتھ الجلیل میں قابض اسرائیل کی بستیوں پر گولہ باری کرنے کا اعلان کیا ہے۔
حزب اللہ کا کہنا ہے کہ اس نے المطلہ، نطوعا اور شلومی نامی بستیوں کو میزائلوں سے نشانہ بنایا جبکہ بیاضہ قصبے کی فضاؤں میں قابض اسرائیل کے دو ہیلی کاپٹروں کو زمین سے ہوا میں مار کرنے والے میزائلوں سے نشانہ بنا کر انہیں پیچھے ہٹنے پر مجبور کر دیا۔
حزب اللہ نے مزید بتایا کہ اس نے دو خودکش ڈرونز کے ذریعے مشروح الطیبہ میں دو میرکاوا ٹینکوں کو تباہ کیا جبکہ مرکبا قصبے اور لبنانی سرحد پر واقع فاطمہ گیٹ کے قریب قابض اسرائیلی فوج کے اہلکاروں اور گاڑیوں کے اجتماعات پر میزائلوں کی بوچھاڑ کی۔
میدانی صورتحال کے حوالے سے قابض اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے جنوبی لبنان میں نام نہاد اینٹی ٹینک دفاعی لائن پر اپنی افواج کی تعیناتی مکمل کر لی ہے اور اس میں ایلیٹ پیرا ٹروپرز ڈویژن 98 بھی زمینی کارروائیوں میں شامل ہو گئی ہے۔
قابض فوج نے ایک بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ ڈویژن 98 جنوبی لبنان میں مرکوز زمینی کارروائیاں کر رہی ہے اور گذشتہ ہفتے کے دوران اس کی نقل و حرکت کا دائرہ مزید اہداف تک پھیلا دیا گیا ہے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ ڈویژنز 91، 36، 146 اور 162 بھی سرگرم ہیں۔
قابض اسرائیلی فوج نے مزید کہا کہ اس کی افواج فرنٹ لائن دفاعی لائن کو مضبوط بنانے اور شمالی بستیوں کے آباد کاروں کے سر سے نام نہاد خطرہ ختم کرنے کے لیے کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں اور ڈویژن 98 ان علاقوں میں کام کر رہی ہے جہاں ان کے بقول آپریشنل کنٹرول حاصل کر لیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ تمام کارروائیاں حزب اللہ کے مراکز پر شدید گولہ باری اور حملوں کے ساتھ ساتھ جاری ہیں۔
قابض اسرائیلی فوج نے گذشتہ پیر کو دریائے لیطانی پر ایک اہم پل کو نشانہ بنایا تھا جس کے بعد آپریشن روڈ آف لائن کے آغاز سے اب تک تباہ کیے گئے پلوں کی تعداد سات ہو گئی ہے۔ قابض دشمن نے اپنے روایتی جھوٹے پروپیگنڈے کے تحت دعویٰ کیا ہے کہ یہ پل دریا کے شمال سے جنوب کی طرف اسلحہ اور جنگجو منتقل کرنے کے لیے استعمال ہو رہا تھا۔

