حماس کی لبنان اور فلسطینی پناہ گزین کیمپوں میں قابض اسرائیل کی مجرمانہ پالیسیوں کی شدید مذمت

0
17

مرکزاطلاعات فلسطین

اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) نے شمالی لبنان کے شہر طرابلس میں واقع بدوی پناہ گزین کیمپ پر قابض اسرائیل کی فضائی غارت گری کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔ جمعرات کو علی الصبح ہونے والے اس بزدلانہ حملے میں ایک سویلین فلسطینی خاندان کے افراد جام شہادت نوش کر گئے جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔

حماس نے ایک پریس ریلیز میں کہا ہے کہ بدوی کیمپ کو نشانہ بنانا ایک بزدلانہ جرم ہے جو لبنان اور فلسطینی پناہ گزین کیمپوں پر قابض اسرائیل کی مسلسل جاری سفاکیت اور جارحیت کا تسلسل ہے۔ حماس نے واضح کیا کہ یہ کارروائی بین الاقوامی قوانین اور انسانی اقدار کی کھلی خلاف ورزی ہونے کے ساتھ ساتھ لبنان کی خود مختاری پر بھی براہ راست حملہ ہے۔

حماس نے مزید کہا کہ پناہ گزین کیمپوں کو نشانہ بنانا قابض اسرائیل کے اس مجرمانہ رویے کی عکاسی کرتا ہے جس کے تحت وہ فلسطینیوں کو فلسطین کے اندر اور باہر ہر جگہ نشانہ بنا رہا ہے حتیٰ کہ خطے کے دیگر ممالک میں موجود ان کی پناہ گاہیں بھی محفوظ نہیں رہی ہیں۔

حماس نے شہدا کے لواحقین، بدوی کیمپ کے مکینوں اور لبنان میں مقیم تمام فلسطینی پناہ گزینوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اس طرح کے بزدلانہ حملے فلسطینی عوام کے ارادوں کو کمزور کرنے یا انہیں ان کے نصب العین اور جدوجہد سے پیچھے ہٹانے میں ہرگز کامیاب نہیں ہو سکیں گے۔

حماس نے بنجمن نیتن یاھو کی حکومت کو اس غارت گری اور اس کے سنگین نتائج کا مکمل ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس حملے کی کھل کر مذمت کرے۔ حماس کے مطابق قابض اسرائیل کے یہ اقدامات لبنان کی سکیورٹی کے لیے خطرہ ہیں اور خطے میں کشیدگی کو مزید ہوا دے رہے ہیں۔