
مرکزاطلاعات فلسطین
حزب اللہ نے جنوبی لبنان اور مقبوضہ فلسطین کے شمالی علاقوں میں قابض اسرائیلی فوج کے ٹھکانوں اور ان کے اجتماعات کو نشانہ بنانے کے لیے سلسلہ وار عسکری آپریشنز کرنے کا اعلان کیا ہے جس کے دوران دشمن کے اہم فوجی مراکز پر میزائلوں کی بارش کی گئی۔
حزب اللہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ مجاہدین نے قصبہ مرکبا کے مقام پر قائم قابض اسرائیلی فوج کے نئے عسکری مرکز میں کھڑی جنگی گاڑیوں کو دوسری مرتبہ میزائلوں کے ذریعے نشانہ بنایا۔
بیان کے مطابق سرحد پر تعینات قابض اسرائیلی افواج کے خلاف جاری کارروائیوں کے تسلسل میں اسی مقام پر دشمن کی گاڑیوں کے ایک اور اجتماع پر بھی میزائلوں سے کاری ضرب لگائی گئی۔
حزب اللہ نے بتایا کہ بحیرہ طبریہ کے مغرب میں واقع قابض دشمن کی نفٹالی بیس کو میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا جبکہ کفاریوفال بستی کے شمال میں ہضبہ العجل کے مقام پر قابض فوج کے اجتماع پر بھی میزائل داغے گئے۔
اس کے علاوہ حزب اللہ نے خودکش ڈرونز کے ایک پورے اسکواڈ کے ذریعے یعرا چھاؤنی پر بڑے حملے کا اعلان کیا جس سے دشمن کو جانی و مالی نقصان پہنچا۔
مجاہدین نے بلاط کے مقام پر قابض فوجیوں کی نقل و حرکت کا مشاہدہ کرنے کے بعد انہیں گائیڈڈ میزائل سے نشانہ بنایا اور ہدف کو درست طریقے سے تباہ کرنے کی تصدیق کی۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ المنارہ نامی فوجی مرکز سے قصبہ مرکبا کی جانب پیش قدمی کرنے والی قابض اسرائیلی فورس پر دو مرحلوں میں میزائل داغے گئے جس سے دشمن کی صفوں میں یقینی ہلاکتیں ہوئیں۔ حزب اللہ کے مطابق یہ کارروائی بیروت کی ضاحیہ جنوبی سمیت لبنان کے مختلف علاقوں پر قابض اسرائیل کی جاری سفاکیت کے جواب میں کی گئی ہے۔
حزب اللہ نے عکا شہر کے جنوب میں واقع رفائیل نامی فوجی صنعتی کمپلیکس کو بھی میزائلوں کے ایک بڑے گروپ سے نشانہ بنانے کی اطلاع دی ہے۔
واضح رہے کہ حزب اللہ نے جمعرات کی صبح اصبع الجلیل کے علاقے میں قابض دشمن کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کی تصدیق کی تھی اور کہا تھا کہ یہ تمام کارروائیاں لبنان کے مختلف علاقوں پر اسرائیلی فضائی غارت گری کا منہ توڑ جواب ہیں۔


