غزہ :خان یونس پر اسرائیلی فضائی حملے میں ایک فلسطینی شہید اور اس کی کمسن بیٹی زخمی

0
14

مرکزاطلاعات فلسطین

غزہ کی پٹی کے مشرقی علاقوں میں قابض اسرائیلی افواج کی جانب سے سیز فائر کے معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے، جہاں ہفتے کے روز تازہ گولہ باری اور فائرنگ کے نتیجے میں ایک شہری جامِ شہادت نوش کر گیا جبکہ اس کی معصوم بچی شدید زخمی ہو گئی۔

طبی ذرائع نے نامہ نگار کو بتایا کہ خان یونس کے وسطی علاقے میں قابض اسرائیل کے ایک جاسوس طیارے نے فلسطینیوں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں احمد القدرہ نامی شہری شہید ہو گیا اور اس کی چھوٹی بیٹی "جولیا” زخمی ہو گئی۔

اس سے قبل مقامی ذرائع نے اطلاع دی تھی کہ قابض اسرائیل کی توپ خانے نے خان یونس کے مشرقی علاقوں کو نشانہ بنایا، جبکہ غزہ کی پٹی کے وسط میں واقع البريج پناہ گزین کیمپ کے شمال مشرقی حصے میں قابض دشمن کی فوجی گاڑیوں نے اندھا دھند فائرنگ کی۔

علاوہ ازیں، قابض دشمن کے توپ خانے نے غزہ شہر کے مشرقی علاقوں پر گولے برسائے، جبکہ اسرائیلی جنگی کشتیوں نے غزہ کے سمندر میں کئی گولے فائر کر کے خوف و ہراس پھیلایا۔ گذشتہ روز جمعہ کی شام بھی قابض اسرائیل نے شمالی غزہ میں واقع جبالیہ پناہ گزین کیمپ کے مشرقی حصے پر گولہ باری کی تھی۔

قابض اسرائیلی افواج حماس اور اسرائیل کے درمیان ہونے والے سیز فائر کے معاہدے کی مسلسل دھجیاں اڑا رہی ہیں، جو گذشتہ برس سنہ 2025ء میں 10 اکتوبر کو نافذ العمل ہوا تھا۔

غزہ میں وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق 11 اکتوبر سنہ 2025ء اکتوبر کو ہونے والی جنگ بندی کے بعد سے اب تک قابض اسرائیل کی سفاکیت کے نتیجے میں 636 فلسطینی شہید اور 1,704 زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ ملبے سے اب تک 753 شہداء کی میتیں نکالی جا چکی ہیں۔