غزہ میں قابض اسرائیل کی فائرنگ اور بمباری سے دو فلسطینی شہید , متعدد زخمی

0
4

مرکزاطلاعات فلسطین

پیر کے روز غزہ شہر پر اسرائیلی فضائی حملے اور خان یونس میں عالمی ادارہ صحت کی گاڑی سمیت دو گاڑیوں پر قابض اسرائیلی افواج کی فائرنگ کے نتیجے میں دو شہری شہید اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔

مقامی ذرائع نے شمالی غزہ میں شیخ رضوان پل کے قریب ایک الیکٹرک بائیک کو نشانہ بنانے والی اسرائیلی غارت گری میں محمد داؤد نامی نوجوان کی شہادت اور ایک بچے کے شدید زخمی ہونے کی اطلاع دی ہے۔

اس سے قبل مقامی ذرائع نے بتایا کہ جنوبی غزہ کی پٹی کے علاقے خان یونس میں شارع 5 کے قریب قابض افواج نے عالمی ادارہ صحت کی ایک گاڑی اور ایک تجارتی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں مخیم البريج کے رہائشی 54 سالہ شہری مجدی مصطفیٰ اصلان جامِ شہادت نوش کر گئے جبکہ 4 افراد زخمی ہوئے۔

ذرائع کے مطابق قابض افواج نے عالمی ادارہ صحت کی گاڑی کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ڈرائیور کے سر میں گولی لگی اور ایک ملازم زخمی ہوا جنہیں خان یونس کے ناصر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

تجارتی گاڑی کو نشانہ بنائے جانے کی تفصیلات بتاتے ہوئے ایک زخمی نے واضح کیا کہ قابض افواج نے شارع العبارہ اور شاہراہ صلاح الدین کے سامنے ایک تجارتی کمپنی کی چھوٹی بس پر فائرنگ کی جس سے تین افراد کو معمولی چوٹیں آئیں۔

قابض افواج گذشتہ 10 اکتوبر سے غزہ کی پٹی میں سیز فائر اور تہیہ کے معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیاں کر رہی ہیں اور آرٹلری و فضائی بمباری سمیت فوجی گاڑیوں اور جنگی بحری جہازوں سے فائرنگ کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں جبکہ ساتھ ہی ساتھ پٹی کے مختلف علاقوں میں شہری عمارتوں اور تنصیبات کو دھماکوں سے اڑانے کا عمل بھی جاری ہے۔

ان سنگین خلاف ورزیوں کے نتیجے میں اب تک 723 شہری شہید اور 1,990 زخمی ہو چکے ہیں جبکہ ملبے سے مزید 759 شہداء کے جسدِ خاکی نکالے گئے ہیں۔

سات اکتوبر سنہ 2023ء سے شروع ہونے والی اس مجموعی سفاکانہ جارحیت کے نتیجے میں وزارت صحت کے مطابق شہداء کی کل تعداد 72,302 ہو گئی ہے جبکہ زخمیوں کی مجموعی تعداد 172,090 تک جا پہنچی ہے۔