غزہ میں قابض اسرائیل کی وحشیانہ بمباری سے 3 فلسطینی جامِ شہادت نوش کر گئے

0
10

مرکزاطلاعات فلسطین

غزہ کی پٹی میں جاری سیز فائر کی مسلسل خلاف ورزیوں کے دوران شہر پر ہونے والے ایک اسرائیلی فضائی حملے میں تین شہری شہید ہو گئے۔

مقامی نامہ نگار نے اطلاع دی ہے کہ قابض اسرائیل کے طیاروں نے مغربی غزہ میں واقع مسجد الکتیبہ کے قریب شہریوں کے ایک گروپ کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں تین فلسطینی موقع پر ہی شہید ہو گئے۔

اسی تناظر میں غزہ کی پٹی کے شمال میں واقع علاقے بیت لاہیا میں قابض اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا ایک نوجوان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گیا۔

اس سے قبل خان یونس کے بنی سہلا چوک پر قابض اسرائیل کے کواڈ کاپٹر ڈرون کے ذریعے نشانہ بنائے جانے کے نتیجے میں ایک شہری شدید زخمی ہو گیا تھا۔

گذشتہ 10 اکتوبر سے قابض اسرائیلی افواج فضائی و زمینی بمباری اور فائرنگ کے ذریعے غزہ کی پٹی کے مختلف حصوں میں جنگ بندی کے معاہدے کی مسلسل دھجیاں اڑا رہی ہیں۔

قابض دشمن کی جانب سے کی جانے والی ان خلاف ورزیوں سے متعلق روزانہ کی شماریاتی رپورٹ کے مطابق، اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں شہداء کی کل تعداد 641 تک پہنچ گئی ہے، جن میں 199 معصوم بچے، 83 خواتین اور 22 معمر افراد شامل ہیں۔ یہ اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ کل شہداء کا 46 فیصد حصہ صرف بچوں، خواتین اور بوڑھوں پر مشتمل ہے جنہیں سفاکیت کا نشانہ بنایا گیا۔

رپورٹ کے مطابق زخمیوں کی تعداد 1711 ہو چکی ہے، جن میں 518 بچے، 343 خواتین اور 90 بزرگ شامل ہیں۔ سب سے زیادہ کمزور سمجھے جانے والے ان طبقات کا زخمیوں میں 55.7 فیصد ہونا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ قابض دشمن کی عسکری کارروائیوں کا بنیادی ہدف عام شہری اور نہتے فلسطینی ہیں۔