غزہ: ناصر میڈیکل کمپلیکس میں قابض اسرائیل کے حصار کے باعث مرکزی بجلی کا جنریٹر بند

0
0

مرکزاطلاعات فلسطین

فلسطینی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ غزہ کی پٹی کے سب سے بڑے طبی مراکز میں سے ایک، ناصر میڈیکل کمپلیکس میں بجلی فراہم کرنے والا ایک مرکزی جنریٹر بند ہو گیا ہے، جس کی وجہ اسے چلانے کے لیے درکار ضروری تیل (لیوب ائل) کی عدم دستیابی ہے۔

وزارت نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ تکنیکی عملے نے اب متبادل کے طور پر کم صلاحیت والے جنریٹروں پر انحصار کرنا شروع کر دیا ہے تاکہ ہسپتال کے انتہائی اہم شعبوں کو مخصوص اوقات کے دوران بجلی فراہم کی جا سکے۔

بیان میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ یہ متبادل اقدامات مسئلے کا مستقل حل نہیں ہیں بلکہ اس سے صورتحال مزید پیچیدہ ہو رہی ہے اور زخمیوں و مریضوں کو طبی امداد فراہم کرنے کے حالات بدتر ہوتے جا رہے ہیں۔

وزارت صحت نے متنبہ کیا ہے کہ متعلقہ اداروں کی جانب سے فوری مداخلت کے بغیر وقت کا گزرنا ہمیں اس سنگین لمحے کے مزید قریب لے جا رہا ہے جہاں تیل اور سپیئر پارٹس کی شدید قلت کے باعث یہ متبادل اقدامات بھی ناکام ہو جائیں گے۔

واضح رہے کہ قابض اسرائیلی افواج کی جانب سے تیل اور ایندھن کی ترسیل پر پابندی کی وجہ سے غزہ کی پٹی میں بہت سے جنریٹر ناکارہ ہو چکے ہیں اور گاڑیوں کی آمد و رفت بھی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔