غزہ کی پٹی پر جاری نسل کشی میں شہداء کی تعداد 72 ہزار 136 تک جا پہنچی

0
11

مرکزاطلاعات فلسطین

غزہ کی پٹی میں وزارت صحت نے لرزہ خیز اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے اطلاع دی ہے کہ 11 اکتوبر کو سیز فائر کے اعلان کے بعد سے اب تک قابض اسرائیل کی مسلسل سفاکیت کے نتیجے میں 651 فلسطینی جام شہادت نوش کر چکے ہیں جبکہ زخمیوں کی تعداد 1 ہزار 741 تک پہنچ گئی ہے۔

آج جمعرات کو جاری کردہ ایک پریس بیان میں بتایا گیا ہے کہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سیز فائر کے نفاذ کے بعد سے اب تک ریسکیو ٹیموں نے غاصب دشمن کی بمباری سے تباہ ہونے والی عمارتوں کے ملبے تلے دبے 756 شہداء کے جسد خاکی نکالے ہیں۔

بیان میں مزید واضح کیا گیا ہے کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران قابض اسرائیل کے وحشیانہ حملوں کے نتیجے میں مزید ایک شہید اور 9 زخمیوں کو غزہ کی پٹی کے ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے جو دشمن کے جنگی جنون کا ثبوت ہے۔

وزارت صحت نے اس کربناک صورتحال کی جانب بھی اشارہ کیا کہ اب بھی شہداء کی ایک بڑی تعداد ملبے تلے اور سڑکوں پر پڑی ہے کیونکہ قابض اسرائیل کی وحشیانہ کارروائیوں اور مسلسل خطرات کے باعث ایمبولینس اور دفاع مدنی کا عملہ ابھی تک ان بے گناہ متاثرین تک پہنچنے سے قاصر ہے۔