مغربی کنارےمیں سنہ 2026ء کے آغاز سے اب تک 18 ہزار خلاف ورزیاں اور 34 فلسطینی شہید

0
10

مرکزاطلاعات فلسطین

فلسطین انفارمیشن سینٹر "معطی” نے سنہ 2026ء کے آغاز سے مغربی کنارہ میں اسرائیلی کارروائیوں کی شدت میں غیر معمولی اضافے کی دستاویزات جاری کی ہیں جن کے مطابق اب تک 18,595 خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئی ہیں جن میں 34 فلسطینی شہید اور سینکڑوں زخمی ہوئے۔

مرکز نے اتوار کے روز جاری کردہ ایک بیان میں واضح کیا کہ ان کارروائیوں میں چھاپے، گرفتاریاں اور براہ راست فیلڈ حملے شامل ہیں۔ بیان کے مطابق یہ اقدامات ایک منظم پالیسی کا حصہ ہیں جس کا مقصد فلسطینیوں کے گرد گھیرا تنگ کرنا اور زمین پر ان کی موجودگی کے عوامل کو کمزور کرنا ہے۔

خونی اعداد و شمار اور انسانی نقصانات

"معطی” نے بتایا کہ اسرائیلی فوج اور آباد کاروں نے رواں سال کے آغاز سے اب تک 18 ہزار 595 سے زائد حملے کیے جن کے نتیجے میں 34 شہری شہید اور 616 دیگر مختلف نوعیت کے زخموں سے دوچار ہوئے۔

فوجی چھاپے اور گرفتاریاں

رپورٹ میں اشارہ کیا گیا ہے کہ اسرائیلی افواج نے مغربی کنارہ کے شہروں اور دیہاتوں میں 3,384 چھاپہ مار کارروائیاں کیں جن کے دوران 1,115 شہریوں کو گرفتار کیا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ فیلڈ کنٹرول حاصل کرنے کی کوششوں کے تحت فلسطینی گھروں اور املاک پر براہ راست قبضے کے 449 واقعات بھی درج کیے گئے۔

آباد کاروں کی منظم کارروائیاں

اسی تسلسل میں آباد کاروں نے 1,112 حملے کیے جو زیادہ تر دیہاتوں اور فارم ہاؤسز پر منظم حملوں کی صورت میں تھے جن میں شہریوں کی املاک کو نقصان پہنچایا گیا۔ یہ تمام کارروائیاں اسرائیلی افواج کی براہ راست فوجی حفاظت میں انجام دی گئیں۔

مرکز نے زور دے کر کہا کہ ان اعداد و شمار میں اضافہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ مغربی کنارہ میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ محض متفرق واقعات نہیں بلکہ ایک جامع جارحیت کا حصہ ہے جس میں آباد کاروں کا تشدد اور فوج کے اقدامات باہم ملے ہوئے ہیں۔ یہ تمام اقدامات جبری نقل مکانی اور زمین پر نیا حقائق مسلط کرنے کے منصوبوں کا حصہ ہیں۔