
مرکزاطلاعات فلسطین
فلسطینی وزارت صحت نے غزہ کی پٹی میں گذشتہ گھنٹوں کے دوران قابض اسرائیل کی مسلسل جاری سفاکیت اور متاثرین تک پہنچنے میں درپیش شدید مشکلات کے سائے میں نئے شہدا اور زخمیوں کے اندراج کا اعلان کیا ہے۔
وزارت صحت نے ہفتے کے روز اپنی روزانہ کی رپورٹ میں بتایا کہ گذشتہ 48 گھنٹوں کے دوران دو شہدا کے جسد خاکی اور 25 زخمیوں کو غزہ کی پٹی کے ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ رپورٹ میں اس ہولناک صورتحال کی جانب اشارہ کیا گیا ہے کہ متعدد متاثرین اب بھی ملبے تلے اور سڑکوں پر پڑے ہوئے ہیں کیونکہ ایمبولینس اور دفاع مدنی کا عملہ قابض دشمن کی رکاوٹوں کے باعث اب تک ان تک پہنچنے سے قاصر ہے۔
وزارت نے واضح کیا کہ 10 اکتوبر سے سیز فائر کے اعلان کے باوجود ہونے والی خلاف ورزیوں میں اب تک شہدا کی مجموعی تعداد 715 ہو چکی ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد 1968 تک جا پہنچی ہے۔ اس کے علاوہ ملبے سے نکالے گئے شہدا کے 756 کیسز بھی درج کیے گئے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سات اکتوبر سنہ 2023ء سے شروع ہونے والی غاصب صہیونی دشمن ریاست کی طرف سے فلسطینیوں کی نسل کشی کے آغاز سے اب تک شہدا کی مجموعی تعداد 72,291 تک پہنچ گئی ہے جبکہ زخمیوں کی کل تعداد 172,068 ہو چکی ہے جو کہ غزہ کی پٹی میں جاری انسانی المیے اور بھاری انسانی قیمت کی عکاسی کرتی ہے۔


