القسام کی صہیونی وجود پر حزب اللہ کے حملوں کی تحسین، دشمن کے خلاف صف بستہ ہونے کی اپیل

0
12

مرکزاطلاعات فلسطین

اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے لبنان میں اسلامی مزاحمت (حزب اللہ) کی جانب سے قابض اسرائیلی اہداف کے خلاف کی گئی کارروائیوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے دشمن کی جارحیت کے خلاف اس کے دفاع کے حق کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

القسام بریگیڈز کے فوجی ترجمان ابو عبیدہ نے ٹیلی گرام پر جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ تحریک لبنان میں اسلامی مزاحمت کے مجاہدین کے اس بہادرانہ فعل کی تحسین کرتی ہے جس کے ذریعے انہوں نے حملہ آور صہیونی افواج کا مقابلہ کیا اور انہیں بھاری جانی و مالی نقصان پہنچانے کے ساتھ ساتھ قابض ریاست کی گہرائی میں موجود اہم اہداف کو نشانہ بنایا۔

ابو عبیدہ نے لبنانی جنگجوؤں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ مسلسل اسرائیلی جارحیت کے مقابلے میں اپنی سرزمین اور وطن کی خودمختاری کے دفاع کا جائز اور قانونی حق استعمال کر رہے ہیں۔

القسام کے ترجمان نے لبنان کے شہداء کے لیے دعائے مغفرت کی، زخمیوں کی جلد شفایابی اور وہاں کے عوام کی سلامتی کی دعا کی۔ اس موقع پر انہوں نے حزب اللہ کے سابق سیکرٹری جنرل حسن نصر اللہ کے موقف کو بھی یاد کیا جنہوں نے بقول ان کے غزہ اور وہاں کے مظلوم عوام کے ساتھ کھڑے ہونے کا اخلاقی اور جرات مندانہ فیصلہ کیا تھا۔

فوجی ترجمان نے عرب اور اسلامی ممالک کے عوام سے اپیل کی کہ وہ قابض اسرائیل کے ان ناپاک عزائم کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن جائیں جن کا مقصد خطے میں جارحیت کے دائرے کو وسیع کرنا اور فلسطینیوں کی نسل کشی کو دوام دینا ہے۔

اسی تناظر میں قابض اسرائیلی فوج نے اتوار کی شام اعتراف کیا کہ جنوبی لبنان میں میدانی کارروائیوں کے دوران ایک ڈی نائن (D9) فوجی بلڈوزر کو ٹینک شکن میزائل سے نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں دو صہیونی فوجی ہلاک اور ایک افسر شدید زخمی ہو گیا۔

یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب حزب اللہ نے رواں ماہ 2 مارچ سے اسرائیلی اہداف کے خلاف میزائلوں اور ڈرون طیاروں سے حملوں کا سلسلہ تیز کر رکھا ہے۔ یہ کارروائیاں لبنان پر جاری اسرائیلی جارحیت اور سنہ 2024ء کے ماہ نومبر میں ہونے والے جنگ بندی کے معاہدے کی بار بار کی جانے والی خلاف ورزیوں کے جواب میں کی جا رہی ہیں۔