
مرکزاطلاعات فلسطین
قابض اسرائیل کے جنگی طیاروں نے خان یونس کے علاقے مواصی میں ایک گاڑی کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 3 شہری جام شہادت نوش کر گئے اور 14 دیگر زخمی ہو گئے۔ یہ حملہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب قابض اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیاں جاری ہیں۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ قابض اسرائیل کے طیاروں نے مواصی خانیونس میں سفید رنگ کی ٹوسان جیپ پر بمباری کی جس سے یحییٰ فائز ابو لبدہ، احسان حامد السمیری اور تامر برکہ شہید ہو گئے جبکہ 14 افراد زخمی ہوئے۔
گذشتہ 10 اکتوبر سے قابض اسرائیل کی افواج غزہ کی پٹی کے مختلف علاقوں میں فضائی و توپ خانہ بمباری اور فائرنگ کے ذریعے سیز فائر معاہدے کی مسلسل دھجیاں اڑا رہی ہیں۔
قابض اسرائیل کی خلاف ورزیوں سے متعلق روزانہ کی شماریاتی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں شہدا کی کل تعداد 673 ہو گئی ہے جن میں 199 بچے، 81 خواتین اور 21 معمر افراد شامل ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ کل شہدا میں سے 45.5 فیصد بچے، خواتین اور بوڑھے ہیں جو قابض دشمن کے نشانے پر ہیں۔
رپورٹ کے مطابق زخمیوں کی تعداد 1799 سے تجاوز کر گئی ہے جن میں 526 بچے، 351 خواتین اور 93 معمر افراد شامل ہیں۔ اس طرح زخمیوں میں 55.2 فیصد تعداد ان کمزور طبقات کی ہے جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ فوجی کارروائیوں کا رخ براہ راست نہتے شہریوں کی جانب ہے۔
ان تازہ اعداد و شمار کے ساتھ 7 اکتوبر سنہ 2023ء سے جاری نسل کشی کی اس جنگ میں شہدا کی مجموعی تعداد 72,249 سے تجاوز کر گئی ہے اور 171,898 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔ دوسری جانب سردی کے موسم میں خانیونس میں ایک دیوار گرنے کے نتیجے میں 3 شہریوں کی شہادت اور 4 کے زخمی ہونے کے بعد مکانات منہدم ہونے سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 28 ہو گئی ہے۔


