
مرکزاطلاعات فلسطین
غزہ کی پٹی میں زوایدہ گاؤں کے شمالی علاقے میں قابض اسرائیل کی فضائیہ نے شہریوں کے ایک گروپ پر بمباری کی جس کے نتیجے میں 2 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔
مقامی ذرائع نے بتایا ہے کہ قابض دشمن کے طیاروں نے زوایدہ گاؤں کے شمال میں سوارحہ قبرستان کے قریبی علاقے میں عام شہریوں کو نشانہ بنایا۔ اس بزدلانہ حملے میں احمد محمد درویش اور نادر النباہین شہید ہو گئے۔
اس سے قبل گذشتہ روز خان یونس کے علاقے مواصی میں قابض دشمن کی فائرنگ سے 13 سالہ بچہ خالد سیف الدین سلیمان عرادہ اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا تھا۔
دس اکتوبر سنہ 2025 سے قابض افواج مسلسل سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزیاں کر رہی ہیں۔ غزہ کی پٹی کے تمام حصوں میں فضائی حملے، گولہ باری اور فائرنگ کے واقعات روز کا معمول بن چکے ہیں۔
قابض اسرائیل کی خلاف ورزیوں سے متعلق یومیہ شماریاتی رپورٹ کے مطابق، جنگ بندی کے نام نہاد اعلان کے بعد سے اب تک قابض دشمن کی جارحیت میں 689 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جبکہ زخمیوں کی تعداد 1860 سے تجاوز کر گئی ہے۔
ان تازہ ترین شہادتوں کے ساتھ سات اکتوبر سنہ 2023 سے جاری نسل کشی کی اس بدترین جنگ میں شہداء کی مجموعی تعداد 72,265 سے زائد ہو گئی ہے اور زخمیوں کی تعداد 171,959 تک پہنچ چکی ہے۔


