الخلیل کے مشرق میں یہودی آباد کاروں کا حملہ، معمر خاتون اور بچے زخمی، تیس مویشی چوری

0
14

مرکزاطلاعات فلسطین

غرب اردن کے جنوب شہرالخلیل کے مشرقی علاقے میں جمعہ کے روز مسلح غاصب آباد کاروں نے ایک فلسطینی گھرانے پر وحشیانہ حملہ کر کے 80 سالہ معمر خاتون اور ان کے دو بیٹوں کو شدید زخمی کر دیا اور ان کے 30 مویشی چوری کر کے فرار ہو گئے۔

دیہاتی کونسل بیرین کے سربراہ فرید یرقان نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ مسلح غاصب آباد کاروں کے ایک گروہ نے الخلیل کے مشرق میں واقع گاؤں بیرین کے علاقے وادی الاعور میں شہری نور عزمی ادریس کے گھر پر دھاوا بولا۔ صیہونی بلوائیوں نے گھر کے دروازے اور کھڑکیاں توڑ ڈالیں اور اندر گھسنے کی کوشش کی جس پر گھر والوں نے ان کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔

اس سفاکانہ حملے اور کالی مرچ کے اسپرے کے نتیجے میں 80 سالہ معمر خاتون صفیہ ادریس اور ان کے دو بیٹے نور اور عزمی دم گھٹنے، جھلسنے اور جسم پر شدید چوٹیں آنے کے باعث زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے بعد ازاں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

فرید یرقان نے مزید بتایا کہ غاصب آباد کاروں نے گھر پر حملے کے دوران اس فلسطینی خاندان کے تقریباً 30 مویشی (بھیڑ بکریاں) بھی چرا لیے۔

واضح رہے کہ گذشتہ کچھ عرصے سے مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینی شہریوں اور ان کی املاک پر غاصب صیہونی آباد کاروں کے حملوں اور سفاکیت میں انتہائی تشویشناک اضافہ دیکھا جا رہا ہے جس کا مقصد فلسطینیوں کو ان کی زمینوں سے بے دخل کرنا ہے۔