غزہ میں قابض اسرائیل کی فائرنگ سے ایک بچہ شہید، توپ خانے سے گولہ باری اور مکانات اڑانے کا سلسلہ جاری

0
10

مرکزاطلاعات فلسطین

غزہ کی پٹی میں قابض اسرائیلی فوج کی جارحیت کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ جاری ہے۔ آج پیر کے روز قابض فوج نے ایک بار پھر بربریت کا مظاہرہ کرتے ہوئے غزہ کی پٹی میں معصوم بچوں کو اپنی سفاکیت کا نشانہ بنایا ہے۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق قابض فوج کی اندھا دھند فائرنگ سے ایک فلسطینی بچہ جام شہادت نوش کر گیا ہے۔

عینی شاہدین اور طبی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ قابض فوج نے غزہ کی پٹی کے مختلف علاقوں میں بلا اشتعال فائرنگ کی جس کے دوران ایک کم سن بچہ گولیوں کا نشانہ بن کر شہید ہو گیا۔ یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب قابض دشمن کا توپ خانہ پٹی کے مشرقی اور جنوبی حصوں پر مسلسل گولہ باری کر رہا ہے جس سے تباہی کا دائرہ کار وسیع ہوتا جا رہا ہے۔

علاوہ ازیں قابض فوج نے غزہ کی پٹی کے رہائشی علاقوں میں مکانات کو دھماکہ خیز مواد سے اڑانے کا ظالمانہ عمل جاری رکھا ہوا ہے۔ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ شہری دفاع کی ٹیمیں بمباری اور دھماکوں کے بعد ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کی کوشش کر رہی ہیں لیکن قابض دشمن کی طرف سے مسلسل حملوں کے باعث انہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

قابض اسرائیل کی یہ نسل کشی اور جنگی جرائم ایک ایسے وقت میں جاری ہیں جب عالمی برادری خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ فلسطینی عوام اپنے وطن کے دفاع اور آزادی کے نصب العین پر کاربند ہیں اور قابض صہیونی دشمن کی ہر کوشش کے باوجود ان کے حوصلے پست نہیں ہوئے۔