مرکزاطلاعات فلسطین
لبنان سے حزب اللہ کی جانب سے داغے گئے ایک بارود بردار ڈرون کے شمالی مقبوضہ فلسطین کے علاقے راس الناقورہ میں گرنے کے نتیجے میں دو یہودی آبادکار زخمی ہو گئے۔
عبرانی نشریاتی ادارے نے اطلاع دی ہے کہ ایک خودکش ڈرون بغیر کسی پیشگی وارننگ کے راس الناقورہ کے علاقے میں آ گرا جس کے نتیجے میں دو افراد معمولی زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے منتقل کر دیا گیا ہے۔
ایک الگ واقعے میں عبرانی چینل 12 نے اطلاع دی ہے کہ لبنان سے روانہ کیا گیا ایک اور بارود بردار ڈرون شمالی مقبوضہ فلسطین کی بستی شلومی میں گرا جس کے باعث علاقے میں زوردار دھماکہ ہوا۔
مذکورہ چینل نے جائے وقوعہ کی ایک تصویر بھی نشر کی جس میں ڈرون گرنے کے مقام سے دھواں اٹھتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے تاہم اس حوالے سے جانی یا مالی نقصان کی مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
عبرانی میڈیا کے مطابق جمعہ کی دوپہر لبنان سے حیفا کی جانب 3 میزائل بھی داغے گئے۔
حزب اللہ کی جانب سے داغے گئے میزائلوں کے اس حملے کے ساتھ ہی عکا اور حیفا میں خطرے کے سائرن بج اٹھے۔
اسی دوران قابض اسرائیل کی فوج نے اعتراف کیا ہے کہ لبنان کے ساتھ جنگ بندی کے آغاز سے اب تک بارود بردار ڈرونز کے حملوں میں دو فوجیوں سمیت 3 اسرائیلی ہلاک اور 40 فوجی زخمی ہو چکے ہیں۔
واضح رہے کہ 17 اپریل سے نافذ العمل اور 17 مئی سنہ 2026ء تک جاری رہنے والے جنگ بندی کے اعلان کے باوجود قابض اسرائیل کی فوج روزانہ کی بنیاد پر لبنان میں مختلف مقامات کو بمباری کا نشانہ بنا رہی ہے اور درجنوں دیہاتوں میں مکانات کو بڑے پیمانے پر دھماکوں سے اڑانے کی سفاکیت میں مصروف ہے جس کے جواب میں حزب اللہ قابض دشمن کے ٹھکانوں اور اس کی بستیوں پر حملے کر رہی ہے۔


