القدس العربی: اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے بدھ کے روز لبنانیوں پر زور دیا ہے کہ وہ حزب اللہ کے خلاف جنگ میں اسرائیل کا ساتھ دیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ لبنان اب اس تنظیم کے ہاتھ میں "یرغمال” بن چکا ہے ۔
ایک ویڈیو پیغام میں نتنياهو نے کہا، "اسرائیل کی آپ کے ساتھ کوئی جنگ نہیں ہے، ہماری جنگ حزب اللہ سے ہے جس نے آپ کے ملک کو یرغمال بنا رکھا ہے۔ اسرائیل لبنان اور آپ کے ساتھ امن چاہتا ہے” ۔ انہوں نے مزید کہا کہ "اپنے مستقبل کا فائدہ اٹھائیں اور اسرائیل کا ساتھ دیں۔ اپنے بچوں کے لیے امن اور خوشحالی کی تعمیر کریں۔ حزب اللہ کے خاتمے کے بعد ترقی کے بے پناہ اور لامحدود امکانات ہوں گے” ۔
اسی طرح، اسرائیلی صدر اسحاق ہرتسوگ نے بھی بدھ کے روز عربی زبان میں لبنانی عوام کو "امن کا پیغام” دیا اور اس بات پر زور دیا کہ لبنانی ریاست کو حزب اللہ کے اثر و رسوخ سے آزاد ہونا چاہیے ۔ ہرتسوگ نے کہا: "اسرائیل کی شمالی سرحد سے میں لبنانی صدر اور عوام کی طرف امن کا ہاتھ بڑھاتا ہوں۔ لیکن لبنان کو ایک آزاد اور خودمختار ریاست کے طور پر ایران، حزب اللہ اور دیگر دہشت گرد تنظیموں کے اثر سے آزاد رہنا چاہیے” ۔ انہوں نے مزید کہا کہ "میرا خواب بیروت کا سفر کرنا ہے اور یہ خواب اب بھی باقی ہے، لیکن ایسا تبھی ممکن ہے جب لبنان کے مستقبل کا فیصلہ تہران کے بجائے بیروت میں ہو” ۔ (القدس العربی، لندن، 10/6/2026) ۔


