قابض اسرائیل کی جانب سے غزہ میں جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیوں کے نتیجے میں تین فلسطینی شہید

0
4

مرکز اطلاعات فلسطین

قابض اسرائیل کی طرف سے غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیوں کے نتیجے میں پیر کے روز ایک خاتون اور ایک بچے سمیت تین فلسطینی شہری شہید ہو گئے۔

مقامی ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ وسطی غزہ کی پٹی کے قصبے الزوایدہ میں قابض اسرائیل کی افواج کی جانب سے رہائشی علاقے کو نشانہ بنانے کے نتیجے میں ایک شہری شہید ہو گیا۔

طبی ذرائع نے بتایا ہے کہ ایک اور شہری صالح رمضان خلیفہ سوموار دوپہر وسطی غزہ کی پٹی کے نصیرات کیمپ میں الرازی سکول کے سامنے درزی کی دکان پر قابض اسرائیل کی بمباری کے نتیجے میں شہید ہو گئے۔

الشہداء الاقصٰی ہسپتال کے طبی ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ ایک اور خاتون نادیہ کمال عیاش اس وقت شہید ہو گئیں جب قابض اسرائیل نے ان کے گھر کے قریب واقع علاقے کو نشانہ بنایا۔

اس کے علاوہ ایک طبی ذریعے نے بتایا کہ بچہ ریان بہاء ابو العجین الشہداء الاقصٰی ہسپتال میں شہید حالت میں لایا گیا۔ یہ واقعہ اس کے والد کے ساتھ پیش آیا جنہیں قابض اسرائیل کی افواج نے وسطی غزہ کی پٹی میں دیر البلح کے جنوب مشرق میں وادی السلقا کے علاقے میں گولی مار کر زخمی کیا اور کچھ گھنٹوں تک حراست میں رکھا۔

ذرائع نے وضاحت کی کہ قابض اسرائیلی فوج نے بچے اور اس کے والد پر فائرنگ کی اور انہیں علاقے میں ہی حراست میں رکھا۔ بعد ازاں انہیں وسطی غزہ کی پٹی میں صلاح الدین روڈ پر چھوڑ دیا گیا جہاں سے انہیں الشہداء الاقصٰی ہسپتال منتقل کیا گیا اور وہاں بچے کی شہادت کی تصدیق کر دی گئی۔

خان یونس کے مشرقی علاقوں میں اسرائیلی بکتر بند گاڑیوں کی جانب سے مسلسل توپ خانے کی گولہ باری کے ساتھ فائرنگ بھی کی گئی۔

قابض اسرائیل کی افواج نے خان یونس شہر کے مغرب کی جانب کنکریٹ کے بلاکس رکھ کر یلو زون (محفوظ علاقے) کا دائرہ کار وسیع کر دیا ہے۔

گذشتہ اتوار کو غزہ کی پٹی میں قابض اسرائیل کی افواج کے مختلف حملوں میں نو شہری شہید ہوئے تھے۔

قابض اسرائیل کی افواج غزہ کی پٹی میں فضائی اور توپ خانے کے حملوں کے ذریعے نقل مکانی کرنے والوں کے ٹھکانوں پر بمباری کر کے جنگ بندی کے معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کر رہی ہے۔ اس کے علاوہ یلو زون کہلانے والے علاقوں کے اندر تباہی اور بربادی کی کارروائیاں کی جا رہی ہیں جبکہ سامان اور امداد اور نقل و حرکت پر پابندیاں بھی بدستور برقرار ہیں۔

وزارت صحت فلسطین کے اعداد و شمار کے مطابق دس اکتوبر سنہ 2025ء کو جنگ بندی کے آغاز سے اب تک شہداء کی تعداد 993 ہو گئی ہے جبکہ 3144 افراد زخمی ہوئے ہیں اور 784 افراد کے لاشے نکالے جانے کے واقعات بھی ریکارڈ کیے گئے ہیں۔

سات اکتوبر سنہ 2023ء سے شروع ہونے والے جارحیت میں اب تک مجموعی طور پر تقریباً 73,004 افراد شہید اور 173,252 افراد زخمی ہو چکے ہیں جو غزہ کی پٹی پر جاری قابض اسرائیل کی سفاکیت کی بھاری انسانی قیمت کو ظاہر کرتا ہے۔