ایرانی فضائی دفاع کی جانب سے دشمن کے حملے کےخلاف فضائی کارروائی، تہران میں پھر خطرے کے بادل

0
4

مرکزاطلاعات فلسطین

ایرانی ذرائع ابلاغ نے اطلاع دی ہے کہ جمعرات کی شام دارالحکومت تہران کے مختلف علاقوں میں فضائی دفاعی نظام کی فائرنگ کی آوازیں سنی گئی ہیں۔

ایرانی خبر رساں ایجنسی مہر کے مطابق فضائی دفاعی نظام نے تہران کے بعض علاقوں میں دشمن کے اہداف کا مقابلہ کیا ہے۔

تہران میں الجزیرہ کے نامہ نگار عمر هواش نے بتایا کہ فضائی دفاعی نظام کا فعال ہونا کسی بھی ممکنہ حملے کے خلاف ایرانی تیاریوں کے فریم ورک میں مشقوں کا حصہ ہو سکتا ہے یا پھر ان کا مقصد ڈرون طیاروں کا راستہ روکنا ہے۔

دوسری جانب قابض اسرائیل کے نشریاتی ادارے نے ایک سکیورٹی ذریعے کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ قابض اسرائیل نے ایران پر کوئی حملہ نہیں کیا اور اس بات کی تصدیق کی کہ جو فضائی دفاعی نظام فعال ہوا وہ جنگی مشقوں کا حصہ ہے۔

ایک امریکی دفاعی اہلکار نے الجزیرہ کو بتایا کہ ایران کے ساتھ سیز فائر کی صورتحال میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔

خبر رساں ایجنسی روئٹرز نے اطلاع دی ہے کہ ایران میں فضائی حملوں کی خبروں کے بعد برینٹ کروڈ آئل کی قیمتوں میں 5 ڈالر فی بیرل اضافہ ہوا ہے۔

الجزیرہ نے ایک امریکی دفاعی اہلکار کے حوالے سے اس بات کی دوبارہ تصدیق کی ہے کہ ایران کے ساتھ سیز فائر یا جنگ بندی کی موجودہ حالت برقرار ہے۔