سیز فائر کی مسلسل خلاف ورزیاں, قابض اسرائیل کی جانب سے غزہ میں دوبارہ بمباری اور فائرنگ

0
7

مرکزاطلاعات فلسطین

قابض اسرائیلی افواج نے ہفتہ کے روز غزہ کی پٹی میں سیز فائر معاہدے کی مسلسل 212 ویں دن بھی خلاف ورزی جاری رکھی اور پٹی کے کئی علاقوں میں توپ خانے سے گولہ باری، فائرنگ اور نہتے شہریوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ برقرار رکھا۔

مقامی ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ قابض اسرائیل کے ٹینکوں نے غزہ کی پٹی کے جنوبی شہر خان یونس کے مشرقی علاقوں میں شدید فائرنگ کی جبکہ اسی دوران شہر کے دیگر علاقوں میں توپ خانے سے گولہ باری بھی کی گئی۔

علاوہ ازیں قابض اسرائیل کی جنگی کشتیوں نے خان یونس شہر کے مغرب میں سمندر سے فائرنگ کی۔

آج علی الصبح قابض فوج کے توپ خانے نے بریدج کیمپ کے مشرق اور غزہ شہر پر بھی گولے برسائے۔

گذشتہ رات قابض طیاروں نے غزہ شہر کے مغرب میں واقع الشاطئ ہسپتال کے قریبی پناہ گزین کیمپ میں ایک گھر پر بمباری کی جس کے نتیجے میں کئی شہری زخمی ہوئے۔

قابض اسرائیلی افواج فضائی و زمینی بمباری کے ذریعے بے گھر ہونے والے فلسطینیوں کی پناہ گاہوں کو نشانہ بنا کر سیز فائر معاہدے کی دھجیاں اڑا رہی ہیں، جبکہ نام نہاد یلو لائن کے اندر گھروں کو دھماکوں سے اڑانے اور تباہی کا عمل بھی جاری ہے، اس کے ساتھ ساتھ سامان کی نقل و حمل، امداد اور سفر پر ظالمانہ پابندیاں برقرار رکھی گئی ہیں۔

فلسطینی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق 10 اکتوبر سنہ 2025ء کو سیز فائر کے آغاز سے اب تک شہداء کی تعداد 850 ہو چکی ہے، جبکہ 2433 افراد زخمی ہوئے اور 770 شہداء کے جسد خاکی ملبے سے نکالے گئے۔

سات اکتوبر سنہ 2023ء سے جاری اس سفاکیت اور نسل کشی کے نتیجے میں شہداء کی کل تعداد 72,736 اور زخمیوں کی تعداد 172,535 تک جا پہنچی ہے، جو غزہ کی پٹی پر مسلط اس مسلسل جنگ کی سنگین انسانی قیمت کی عکاسی کرتی ہے۔