مرکز اطلاعات فلسطین
غزہ کی پٹی میں فلسطینی وزارت صحت نے پیر کے روز اعلان کیا ہے کہ سات اکتوبر سنہ 2023ء سے غزہ کی پٹی پر جاری نسل کشی اور قابض اسرائیل کی سفاکیت کے نتیجے میں اب تک شہداء اور زخمیوں کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 46 ہزار 151 ہو چکی ہے۔
وزارت نے اپنی یومیہ رپورٹ میں وضاحت کی کہ شہداء کی تعداد 72 ہزار 980 تک پہنچ گئی ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد 1 لاکھ 73 ہزار 171 ہو چکی ہے جن میں سے اکثر کی حالت تشویشناک ہے۔
وزارت نے بتایا کہ قابض اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیوں کے باعث گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران غزہ کی پٹی کے ہسپتالوں میں 9 شہداء اور 43 زخمی لائے گئے ہیں۔
وزارت نے اس بات کی تصدیق کی کہ متعدد شہداء اب بھی تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے تلے اور راستوں پر پڑے ہیں جبکہ زمینی حالات کے باعث ایمبولینس اور شہری دفاع کا عملہ ان تک پہنچنے سے قاصر ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گیارہ اکتوبر سنہ 2025ء کو جنگ بندی معاہدے کے نافذ العمل ہونے کے بعد سے اب تک 970 فلسطینی شہید اور 3063 زخمی ہوئے ہیں جبکہ ملبے تلے سے 782 لاشیں نکالی گئی ہیں۔
قابض اسرائیل کی فوج مسلسل 242 ویں روز بھی دس اکتوبر سنہ 2025ء کو مصر کے شہر شرم الشیخ میں عرب ثالثی اور امریکی سرپرستی میں دستخط شدہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کر رہی ہے۔
پیر کی صبح سے غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کی نئی خلاف ورزیوں کا سلسلہ دیکھا گیا جس کے نتیجے میں شہداء اور زخمی ہوئے ہیں جبکہ اس دوران غزہ کے مختلف علاقوں میں رہائشی مکانات اور شہری تنصیبات کو گولہ باری اور دھماکوں کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔


