غزہ کی پٹی پر غاصب صہیونی دشمن کی سفاکیت جاری، جنگ بندی کے بعد سے اب تک 871 فلسطینی شہید

0
2

مرکز اطلاعات فلسطین

فلسطینی وزارت صحت نے اتوار کے روز اعلان کیا ہے کہ غاصب اسرائیل کی مسلسل جاری ننگی جارحیت کے نتیجے میں گذشتہ 48 گھنٹوں کے دوران غزہ کی پٹی میں مزید 6 فلسطینی شہید اور 19 زخمی ہوئے ہیں۔

وزارت صحت نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ ان شہداء میں دو نئے کیسز شامل ہیں جبکہ اس کے علاوہ 4 دیگر شہداء کے جسد خاکی ملبے کے نیچے سے نکالے گئے ہیں۔ یہ صورتحال اس بات کی عکاس ہے کہ اب بھی ملبے کے نیچے اور سڑکوں پر غاصب دشمن کی بمباری کے مظلوم شہداء موجود ہیں اور پیچیدہ سکیورٹی و لاجسٹک حالات کے باعث متعلقہ ٹیمیں اب تک ان تک پہنچنے سے قاصر ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 10 اکتوبر کو ہونے والے سیز فائر کے بعد سے اب تک شہید ہونے والے فلسطینیوں کی کل تعداد بڑھ کر 871 تک پہنچ گئی ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد 2,562 ہو چکی ہے۔ اس کے ساتھ ہی غزہ کی پٹی کے اندر مختلف مقامات سے ملبے کے نیچے سے اب تک 776 شہداء کے جسد خاکی نکالے جانے کا اندراج کیا گیا ہے۔

سات اکتوبر سنہ 2023ء کو شروع ہونے والی غاصب صہیونی دشمن کی نسل کشی اور وحشیانہ جارحیت کے آغاز سے لے کر اب تک کی مجموعی شہادتوں کے حوالے سے وزارت صحت نے بتایا کہ فلسطینی شہداء کی کل تعداد بڑھ کر 72,763 ہو چکی ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد 172,664 تک جا پہنچی ہے۔