مشرقی لبنان پر قابض اسرائیل کی وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں 5 افراد شہید

0
2

مرکز اطلاعات فلسطین

مشرقی لبنان کے علاقے مغربی البقاع میں واقع قصبے مشغرہ پر قابض اسرائیل کی شدید اور وحشیانہ فضائی بمباری کے نتیجے میں پانچ افراد جامِ شہادت نوش کر گئے اور متعدد دیگر شدید زخمی ہو گئے۔

لبنانی خبر رساں ایجنسی نے رپورٹ کیا ہے کہ قابض اسرائیل کے جنگی طیاروں نے مشغرہ قصبے پر پے در پے آٹھ ہولناک فضائی حملے کیے، جس کے نتیجے میں پانچ لبنانی شہری شہید اور کئی دیگر زخمی ہو گئے، جبکہ اس مجرمانہ جارحیت کے بعد پورے علاقے میں شدید کشیدگی اور خوف و ہراس کا ماحول پھیل گیا ہے۔

قابض اسرائیل کی یہ سفاکانہ بمباری لبنان کے جنوب میں واقع کئی دیگر علاقوں تک بھی پھیل گئی، جس میں النبطیہ شہر اور کفر رمان، عربصاليم، شحور، ياطر، حداثا اور جبال البطم کے قصبات کو وحشیانہ طور پر نشانہ بنایا گیا، جبکہ اسی دوران صیہونی توپ خانے نے صريفا اور برج قلاویہ کے قصبوں پر بھی شدید گولہ باری کی۔

مزید برآں قابض اسرائیل کی فوج نے النبطیہ، جنوب اور البقاع کے متعدد دیہاتوں کے محصور رہائشیوں کو فوری اور ظالمانہ انتباہی نوٹس جاری کیے ہیں، جن میں انہیں اپنے گھروں کو فوری طور پر خالی کرنے اور ان سے دور چلے جانے کا حکم دیا گیا ہے۔ صیہونیوں کی اس دھمکی کے باعث معصوم شہریوں کی نقل مکانی کی نئی لہریں شروع ہو گئی ہیں، بالخصوص دارالحکومت بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقوں کے گرد و نواح سے لوگ اپنے گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔

تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق لبنانی وزارت صحت نے پیر کی شام اعلان کیا ہے کہ گذشتہ دو مارچ سنہ 2023ء سے لے کر پچیس مئی سنہ 2026ء تک جاری رہنے والی صیہونی جارحیت اور سفاکیت کے نتیجے میں مجموعی طور پر شہداء کی تعداد 3185 تک جا پہنچی ہے اور 9633 معصوم شہری زخمی ہو چکے ہیں۔