مرکز اطلاعات فلسطین
قابض اسرائیل کی غاصب فوج نے اتوار کے روز اعتراف کیا ہے کہ جنوبی لبنان میں ایک دھماکہ خیز خودکش ڈرون حملے کے نتیجے میں اس کے دو فوجی شدید زخمی ہو گئے ہیں۔
قابض فوج نے اپنے ایک باقاعدہ بیان میں کہا ہے کہ گذشتہ روز ہفتے کو جنوبی لبنان میں ایک بارود بردار ڈرون پھٹنے سے دو فوجی زخمی ہوئے۔
گذشتہ روز قابض اسرائیل کی فوج نے یہ بھی تسلیم کیا تھا کہ جمعہ کے دن لبنان کی سرحد کے قریب اس کا ایک فوجی ہلاک اور دو زخمی ہوئے تھے، جس کے بعد حزب اللہ کے ساتھ جنگ کے آغاز سے اب تک ہلاک ہونے والے صیہونی فوجیوں کی تعداد 22 تک پہنچ چکی ہے۔
قابض فوج نے ایک مختصر بیان میں بتایا کہ عتلیت (شمال) سے تعلق رکھنے والا 23 سالہ فرسٹ سارجنٹ "نوعام ہامبرگر” مقبوضہ فلسطین کے شمالی حصے میں ہلاک ہوا۔
قابض فوج کے ریڈیو نے رپورٹ کیا کہ حزب اللہ کے ڈرون حملے میں ہلاک ہونے والا یہ فوجی دوسرا صیہونی کارندہ ہے جو اسرائیل کے اندر ہلاک ہوا ہے، جبکہ باقی تمام فوجی لبنان کی سرزمین کے اندر ہلاک ہوئے ہیں۔
اسرائیلی میڈیا نے بتایا کہ یہ واقعہ حزب اللہ کی طرف سے داغے گئے ایک دھماکہ خیز ڈرون کی وجہ سے پیش آیا، جو بالائی جلیل میں "نطوعا” اور "ساسا” قصبوں کے درمیان واقع "بیرنیٹ” فوجی اڈے پر گرا، یہ مقام سرحد سے اسرائیل کے اندر ایک کلومیٹر کی دوری پر واقع ہے۔
اس تازہ نقصان کے بعد ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد 23 اسرائیلی ہو گئی ہے، جن میں گذشتہ دو مارچ سنہ 2026ء کو حزب اللہ کے ساتھ جنگ چھڑنے کے بعد سے اب تک 22 فوجی اور ایک سول ٹھیکیدار شامل ہے۔
جبکہ جنگ بندی کے نفاذ کے بعد سے، جس میں رواں ہفتے کے آغاز سے مزید 45 دنوں کی توسیع کا اعلان کیا گیا ہے، قابض اسرائیل نے اپنی جارحیت کا سلسلہ بند نہیں کیا اور ان کی افواج سرحد سے متصل مقبوضہ علاقوں میں بمباری اور گھروں کو دھماکوں سے اڑانے اور مسمار کرنے کی کارروائیاں مسلسل کر رہی ہیں۔
لبنانی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق، اسرائیلی سفاکانہ حملوں کے نتیجے میں اب تک 3 ہزار سے زائد افراد شہید اور 9500 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔


