مرکز اطلاعات فلسطین
غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کے معاہدے کی متواتر اسرائیلی خلاف ورزیوں کے تسلسل کے درمیان غزہ کی پٹی کے وسط میں واقع البريج پناہ گزین کیمپ میں ایک سائیکل پر قابض اسرائیل کے فضائی حملے کے نتیجے میں ایک فلسطینی شہری جامِ شہادت نوش کر گیا اور دوسرا زخمی ہو گیا ہے۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ قابض اسرائیل کی افواج کے ایک ڈرون طیارے نے غزہ کی پٹی کے وسط میں واقع البريج پناہ گزین کیمپ میں ایک بائیسکل کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں شہری یوسف رمضان شہید ہو گئے اور ایک اور فلسطینی زخمی ہو گیا۔
مقامی ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ قابض دشمن کے توپ خانے نے غزہ کی پٹی کے وسط میں واقع البريج پناہ گزین کیمپ کے شمال مشرقی علاقوں پر شدید گولہ باری کی جس سے علاقے کے باسیوں میں شدید خوف و ہراس اور تناؤ کی لہر دوڑ گئی۔
دوسری طرف قابض افواج نے خان یونس شہر کے شمال مشرق میں رہائشی عمارتوں اور مکانات کو دھماکوں سے اڑانے اور مسمار کرنے کی سفاکانہ کارروائیاں کیں جس کے دوران علاقے میں یکے بعد دیگرے زوردار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔
اسی طرح قابض اسرائیل کی عسکری گاڑیوں نے غزہ کی پٹی کے شمال میں واقع بیت لاہیا قصبے کے شمال مشرقی علاقوں کی طرف اندھا دھند اور شدید فائرنگ کی تاہم فوری طور پر کسی کے زخمی ہونے کی معلومات موصول نہیں ہوئیں۔
قابض افواج گذشتہ دس اکتوبر سے جنگ بندی کے معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیاں کر رہی ہیں جبکہ پٹی کے متعدد علاقوں میں بمباری اور تباہی و بربادی کا غاصبانہ سلسلہ تاحال جاری ہے۔
غزہ میں وزارتِ صحت کے مطابق گذشتہ گیارہ اکتوبر سے جنگ بندی کے آغاز کے بعد سے اب تک شہداء اور زخمیوں کی تعداد 933 شہداء اور 2860 زخمیوں تک پہنچ چکی ہے جبکہ ملبے سے نکالے گئے افراد کی تعداد 781 ہے۔


