حماس کی جانب سے مغربی کنارے میں قابض اسرائیل کی مسماری کارروائیوں میں اضافے پر انتباہ

0
7

مرکز اطلاعات فلسطین

اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ نے مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں قابض اسرائیل کی طرف سے گھروں کو مسمار کرنے کی کارروائیوں میں تیزی آنے پر شدید انتباہ جاری کیا ہے۔ تحریک نے کہا ہے کہ قابض دشمن نے حال ہی میں الخلیل میں درجنوں تجارتی اور رہائشی عمارتوں کو مسمار کرنے کے نوٹس جاری کیے ہیں جو فلسطینی وجود کے خلاف ایک اعلانیہ جنگ ہے۔

حماس نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ مغربی کنارے میں بڑے پیمانے پر جاری مسماری کی یہ کارروائیاں ہمارے عوام کو ان کی زمین سے بے دخل کرنے کے ناپاک مقصد کے تحت کی جا رہی ہیں۔ حماس نے مزید کہا کہ یہ ہتھکنڈے ہمارے عوام کے صبر اور ثابت قدمی کے سامنے ناکام ہوں گے کیونکہ وہ اپنے حقوق اور قابض دشمن سے آزادی کے واحد راستے یعنی مزاحمت پر سختی سے کاربند ہیں۔

بیان میں اس بات پر زور دیا گیا کہ یہ مسلسل کارروائیاں اور مسماری کے بڑھتے ہوئے نوٹس تمام بین الاقوامی قوانین اور روایات کی صریح خلاف ورزی ہیں۔ یہ اقدامات منظم یہودیت اور نسل کشی کے عمل کا تسلسل ہیں اور ہمارے عوام کو خطرناک حد تک نشانہ بنانے کے ساتھ ساتھ غزہ اور مقبوضہ بیت المقدس میں جاری نسل کشی اور جبری بے دخلی کی جنگ کا ہی ایک حصہ ہیں۔

حماس نے عالمی برادری اور تمام متعلقہ ممالک اور فریقین سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر حرکت میں آئیں اور مغربی کنارے اور مقبوضہ بیت المقدس میں مسماری کے ان قتل عام کو رکوائیں۔ تحریک نے مطالبہ کیا کہ قابض حکومت پر دباؤ ڈالا جائے تاکہ فلسطینی عوام کے خلاف ان روزمرہ کے جرائم کا خاتمہ کیا جا سکے۔