لبنان اور فلسطین کی سرحد پر مسلح تصادم اور قابض فوج کا ہائی الرٹ

0
4

مرکز اطلاعات فلسطین

قابض اسرائیلی میڈیا کی اطلاعات کے مطابق منگل کی دوپہر جنوبی لبنان اور شمالی مقبوضہ فلسطین کے سرحدی علاقے میں ایک مزاحمت کار اور قابض اسرائیل کی فوج کے درمیان مسلح تصادم ہوا ہے۔

قابض اسرائیلی فوج کے ریڈیو نے اطلاع دی ہے کہ شمالی مقبوضہ فلسطین میں واقع یہودی بستی المنارہ کے قریب سرحدی باڑ تک پہنچنے میں کامیاب ہونے کے بعد قابض فوج اور ایک مسلح فرد کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے۔

دوسری جانب اسرائیلی چینل کان نے دعویٰ کیا ہے کہ مزاحمت کار لبنانی سرزمین سے سرحد عبور کرنے میں کامیاب ہو گیا جبکہ حدشوت بزمان اخبار نے اس واقعے کو شمالی سرحد پر پیش آنے والا ایک غیر معمولی واقعہ قرار دیا ہے۔

اس واقعے کے بعد اسرائیلی میڈیا نے بتایا کہ قابض فوج نے لبنان کے ساتھ سرحد کے قریب متعدد راستوں اور سڑکوں کو بند کر دیا ہے جبکہ علاقے میں وسیع پیمانے پر سکیورٹی ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے اور علاقے میں مزید مزاحمت کاروں کی موجودگی کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

اسی ذرائع کے مطابق یہ بندش اس وقت عمل میں آئی جب ایک مزاحمت کار نے ایک یہودی بستی کے گردونواح میں پہنچ کر فائرنگ کا آپریشن کیا جس کے بعد قابض فوج نے علاقے میں وسیع پیمانے پر تلاشی کی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔