مرکزاطلاعات فلسطین
غزہ کی پٹی میں قابض اسرائیلی افواج کی جانب سے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ مسلسل 213 ویں روز بھی جاری رہا۔ قابض دشمن نے فضائی اور توپ خانے کی بمباری تیز کرتے ہوئے بے گھر ہونے والے فلسطینیوں کی پناہ گاہوں کو نشانہ بنایا، جبکہ نام نہاد یلو لائن کے اندر عمارتوں کو دھماکوں سے اڑانے اور تباہ کرنے کا عمل بھی جاری ہے۔ اس کے ساتھ ہی سامان کی نقل و حمل، امداد کی فراہمی اور سفر پر عائد ظالمانہ پابندیاں بھی برقرار ہیں۔
خان یونس شہر کے شمال مغرب میں واقع محلہ الامل میں اعمار سوسائٹی کے گردونواح میں قابض اسرائیل کے ایک ڈرون طیارے نے ایک سویلین گاڑی کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں دو شہری شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔
غزہ میں وزارت داخلہ نے اطلاع دی ہے کہ خان یونس کے مغرب میں واقع محلہ الامل میں قابض طیاروں کی جانب سے ان کی گاڑی پر کیے گئے حملے میں خان یونس پولیس کے انویسٹی گیشن ڈائریکٹر لیفٹیننٹ کرنل وسام فائز عبد الہادی اور سارجنٹ فادی عبد المعطی ہیکل جام شہادت نوش کر گئے۔
اسی طرح اتوار 10 مئی سنہ 2026ء کو فجر کے وقت غزہ کی پٹی کے وسط میں واقع المغازی کیمپ میں مکی چوک کے قریب ایک ڈرون حملے میں فلسطینیوں کے ایک گروہ کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں ایک اور فلسطینی شہید اور کئی زخمی ہو گئے۔
غزہ کی پٹی کے جنوب میں واقع شہر رفح کے شمالی علاقے الشاکوش میں قابض اسرائیل کے ایک ڈرون سے گرائے گئے بم کے نتیجے میں ایک فلسطینی زخمی ہو گیا۔
وزارت صحت کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 48 گھنٹوں کے دوران 5 شہداء اور 15 زخمیوں کو غزہ کی پٹی کے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔
غزہ کی پٹی کے جنوب میں خان یونس شہر کے شمال مشرق میں واقع قصبے القرارہ کے مشرقی علاقے کو اسرائیلی بمباری کا نشانہ بنایا گیا جبکہ اسی دوران غزہ شہر کے مغرب میں بندرگاہ کے علاقے میں کواڈ کاپٹر طیاروں نے اندھا دھند فائرنگ کی۔
قابض اسرائیل کی جنگی کشتیوں نے غزہ شہر کے ساحل کی جانب گولہ باری کی جبکہ قابض اسرائیلی فوج نے شہر کے مشرقی علاقوں میں متعدد عمارتوں کو بارود سے اڑا دیا۔
قابض اسرائیل مسلسل سیز فائر اور جنگ کے خاتمے کے اس معاہدے کی خلاف ورزی کر رہا ہے جس پر 10 اکتوبر سنہ 2025ء کو مصر کے شہر شرم الشیخ میں عرب اور امریکی ثالثی کے ذریعے دستخط کیے گئے تھے۔ قابض دشمن فضائی و توپ خانے کی بمباری، فائرنگ اور رہائشی مکانات و شہری تنصیبات کو مسمار کر کے اس معاہدے کی دھجیاں اڑا رہا ہے۔
غزہ میں سرکاری میڈیا آفس نے گذشتہ اپریل سنہ 2026ء کے دوران سیز فائر معاہدے کی 377 اسرائیلی خلاف ورزیوں کو دستاویزی شکل دی ہے جن کے نتیجے میں 111 فلسطینی شہید اور 376 زخمی ہوئے تھے۔
وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق 10 اکتوبر سنہ 2025ء کو سیز فائر کے آغاز سے اب تک شہداء کی تعداد 850 ہو چکی ہے جبکہ 2433 افراد زخمی ہوئے اور ملبے سے 770 لاشیں نکالی گئیں۔
7 اکتوبر سنہ 2023ء سے غزہ کی پٹی پر جاری اسرائیلی جارحیت اور فلسطینیوں کی نسل کشی کے نتیجے میں اب تک مجموعی طور پر 72 ہزار 736 فلسطینی شہید اور 1 لاکھ 72 ہزار 535 زخمی ہو چکے ہیں جبکہ مسلسل فوجی کارروائیوں کے باعث انسانی صورتحال انتہائی ابتر ہو چکی ہے۔


