مرکزاطلاعات فلسطین
غزہ میں فلسطینی وزارت صحت نے اپنی تازہ ترین رپورٹ میں بتایا ہے کہ قابض اسرائیل کی مسلسل جاری جارحیت کے نتیجے میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ایک اور فلسطینی شہید جبکہ چار زخمی حالت میں غزہ کی پٹی کے ہسپتالوں میں لائے گئے ہیں۔
وزارت صحت نے اپنی روزانہ کی شماریاتی رپورٹ میں اس المناک صورتحال کی نشاندہی کی ہے کہ اب بھی بڑی تعداد میں شہداء کے جسد خاکسار ملبے تلے اور سڑکوں پر بکھرے پڑے ہیں۔ ایمبولینس عملہ اور شہری دفاع کی ٹیمیں ان تک پہنچنے سے قاصر ہیں جس کی وجہ سے تلاش اور امدادی کارروائیوں کے دوران حقیقی جانی نقصان میں مزید اضافے کا شدید خدشہ پایا جا رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق 10 اکتوبر کو سیز فائر کے اعلان سے لے کر اب تک مجموعی طور پر 851 فلسطینی جام شہادت نوش کر چکے ہیں جبکہ زخمیوں کی تعداد 2437 تک جا پہنچی ہے۔ اس دوران ریسکیو ٹیموں نے ملبے سے 770 افراد کو نکالنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔
اگر 7 اکتوبر سنہ 2023ء سے شروع ہونے والی اس سفاکیت کے مجموعی اعدادوشمار پر نظر ڈالی جائے تو شہداء کی مجموعی تعداد 72737 تک پہنچ گئی ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد 172539 ہو چکی ہے۔ یہ لرزہ خیز اعدادوشمار غزہ کی پٹی میں انسانی جانوں کے اس عظیم زیاں اور قابض صہیونی دشمن کی جانب سے جاری نسل کشی کی کھلی علامت ہیں۔


