مرکزاطلاعات فلسطین
فلسطینی وزارت صحت نے بدھ کے روز اعلان کیا ہے کہ قابض اسرائیل کی مسلسل جارحیت کے نتیجے میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 شہداء اور 4 زخمی غزہ کی پٹی کے ہسپتالوں میں لائے گئے ہیں۔
وزارت صحت نے اپنی روزانہ کی رپورٹ میں بتایا کہ 10 اکتوبر سنہ 2025ء کو ہونے والی جنگ بندی سے اب تک شہداء کی کل تعداد 786 ہو گئی ہے جبکہ زخمیوں کی کل تعداد 2,217 تک پہنچ چکی ہے اور اس عرصے میں ملبے کے نیچے سے 761 شہداء کی لاشیں نکالی گئی ہیں۔
بیان کے مطابق سات اکتوبر سنہ 2023ء کو شروع ہونے والی نسل کشی کی اس وحشیانہ جنگ کے آغاز سے اب تک شہداء کی مجموعی تعداد 72,562 ہو چکی ہے جبکہ زخمیوں کی مجموعی تعداد 172,320 تک جا پہنچی ہے۔
وزارت صحت نے اس جانب بھی اشارہ کیا ہے کہ اب بھی متاثرین کی ایک بڑی تعداد ملبے تلے اور دیگر مقامات پر دبی ہوئی ہے جہاں تک پہنچنے میں امدادی ٹیمیں اور شہری دفاع کے اہلکار قابض دشمن کی رکاوٹوں کے باعث تاحال قاصر ہیں۔


