فلسطینی دھڑوں نے قاہرہ میں ثالثوں کو نکولے ملادی نوف کے روڈ میپ پر اپنا سرکاری جواب جمع کرا دیا

0
1

مرکز اطلاعات فلسطین

قاہرہ میں جمع ہونے والے فلسطینی دھڑوں اور قوتوں نے گذشتہ ہفتے کے روز امن کونسل کے سربراہ نکولے ملادی نوف کی طرف سے پیش کردہ روڈ میپ کے بارے میں اپنا سرکاری جواب ثالثوں کے حوالے کر دیا ہے۔

قاہرہ میں جمع ہونے والے فلسطینی دھڑوں اور قوتوں نے پیر کے روز اپنے ایک بیان میں اس بات کی تصدیق کی ہے کہ یہ اقدام جنگ بندی کے حصول اور ہمارے عوام کی افسوسناک انسانی مشکلات کا خاتمہ کرنے کی سنجیدہ کوشش کے فریم ورک کے تحت کیا گیا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا ہے کہ قابض دشمن کو جنگ بندی معاہدے کی تمام شقوں پر مکمل طور پر اور بغیر کسی تقسیم کے عمل کرنے کا پابند بنانا ضروری ہے جیسا کہ ان کے جواب میں درج کیا گیا ہے۔

فلسطینی دھڑوں کی قوتوں نے ثالثوں اور ضامنوں سے مطالبہ کیا کہ قابض دشمن کو پہلے مرحلے کی تمام شقوں پر کسی قسم کی ہیر پھیر یا لیت و لعل کے بغیر عمل درآمد کرنے کا پابند بنایا جائے۔ نیز انہوں نے مطالبہ کیا کہ غزہ میں تمام فوجی کارروائیوں کا مکمل اور جامع خاتمہ کیا جائے اور انسانی پروٹوکول کا فوری اطلاق کیا جائے تاکہ امداد کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے اور محاصرے کو ختم کرنے کے لیے تمام گزرگاہوں کو مستقل بنیادوں پر کھولا جائے۔ اس کے علاوہ انہوں نے قابض فوج کے انخلاء، انتظامی کمیٹی کے داخلے اور اسے ہمارے عوام کی خدمت کے لیے اپنے فرائض سرانجام دینے کے قابل بنانے اور تعمیر نو کے منصوبے کو فوری شروع کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

فلسطینی دھڑوں نے اعلان کیا ہے کہ وہ زمینی اور سیاسی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے مستقل اور جاری اجلاس کی حالت میں رہیں گے اور اپنے عوام کی مشکلات کو دور کرنے کے لیے جائز مطالبات پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے اپنی کوششیں تیز کریں گے۔

فلسطینی دھڑوں نے مصر اور قطر اور ترکیہ کی نمائندگی کرنے والے ثالثوں کی انتھک اور مخلصانہ کوششوں کے لیے اپنی گہری قدردانی اور شکریہ کا اظہار کیا ہے جنہوں نے جوابات کا تبادلہ کرنے اور دھڑوں کے ساتھ خیالات اور حل کے تبادلے کے ساتھ ساتھ جنگ کو روکنے اور ہمارے عوام کی تکالیف کو ختم کرنے کے لیے اپنی مسلسل کوششیں جاری رکھی ہیں۔