قابض بلدیہ نے مسجد اقصی کے جنوب میں واقع سلوان میں املاک پر قبضہ کر لیا ، درخت اکھاڑ ڈالے

0
1

مرکز اطلاعات فلسطین

قابض اسرائیل کی حکام نے مسجد اقصی کے جنوب میں واقع قصبہ سلوان میں شہریوں کے خلاف اپنے اقدامات میں تیزی کر دی ہے۔ قابض بلدیہ کے عملے نے مقبوضہ بیت المقدس کے شہری خالد الزیر کی زمین پر دھاوا بول دیا اور اس کے اندر موجود املاک اور آلات پر قبضہ کر لیا ہے۔

مقامی ذرائع نے بتایا ہے کہ بلدیہ کے عملے نے جن کے ہمراہ قابض فوج اور پولیس کے دستے بھی موجود تھے زمین میں لگے ہوئے کئی درختوں کو اکھاڑنا شروع کر دیا ہے۔ قابض فوج کی فراہم کردہ سخت سکیورٹی کے درمیان موقع پر موجود آلات اور جانوروں کو بھی ضبط کر لیا گیا ہے۔

ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ قابض فوج نے زمین کے گرد سخت سکیورٹی حصار قائم کر دیا اور دھاوے اور قبضے کی کارروائیوں کے دوران شہریوں کو اس کے قریب جانے سے روک دیا۔

یہ اقدامات اس مسلسل پالیسی کے فریم ورک کے تحت کیے جا رہے ہیں جو قصبہ سلوان میں فلسطینیوں کی زمینوں اور املاک کو نشانہ بناتی ہے۔ یہ علاقہ بار بار انہدام اور ضبطی اور زمینوں پر قبضے کی کارروائیوں کا سامنا کر رہا ہے جس کا مقصد مسجد اقصی کے ساتھ واقع اس قصبے میں فلسطینی وجود کو محدود کرنا ہے۔