مرکزاطلاعات فلسطین
مقبوضہ مغربی کنارے میں قابض اسرائیل کی انسانیت سوز خلاف ورزیوں میں پیر کے روز مزید شدت آگئی، جس میں جنوبی نابلس میں آباد کاروں کے شہریوں پر حملے، مقبوضہ بیت المقدس کے شمال میں درجنوں تنصیبات کی مسماری کے نوٹس اور جنین میں سڑکوں کی بندش اور زرعی زمینوں کی پامالی شامل ہے۔ یہ تیز رفتار فیلڈ اقدامات فلسطینیوں پر مزید پابندیاں مسلط کرنے کے مذموم تناظر میں کیے جا رہے ہیں۔
جنوبی نابلس میں پیر کے روز گاؤں جالود پر آباد کاروں کے حملے کے نتیجے میں ایک فلسطینی شہری زخمی ہو گیا۔ مقامی ذرائع نے بتایا کہ آباد کاروں کے ایک جتھے نے الظہر کے علاقے میں مقامی لوگوں پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایک شخص شدید چوٹیں آنے سے زخمی ہوا جسے فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
مقبوضہ بیت المقدس کے شمال میں قابض اسرائیلی افواج نے الرام اور کفر عقب کے قصبوں کے ساتھ ساتھ قلندیا کیمپ میں درجنوں تجارتی اور رہائشی تنصیبات کو مسمار کرنے کے نوٹس جاری کیے۔ القدس گورنری نے وضاحت کی کہ یہ نوٹس دکانوں اور مکانات کے مالکان کو بغیر لائسنس تعمیرات کے بے بنیاد بہانے بنا کر دیے گئے ہیں تاکہ فلسطینیوں کو ان کی جائیدادوں سے محروم کر کے نسل کشی کے عمل کو تیز کیا جا سکے۔
اسی تناظر میں قابض افواج نے قلندیا کیمپ پر دھاوا بولنے کا سلسلہ جاری رکھا جہاں انہوں نے شہریوں کو زبردستی ان کے گھروں سے نکال کر انہیں فوجی چھاؤنیوں میں تبدیل کر دیا۔ ان گھروں میں شہید سمیر اصلان کا گھر بھی شامل ہے جس کی توڑ پھوڑ کی گئی اور سامان کی بے حرمتی کی گئی۔ یہ کارروائی گذشتہ رات سے جاری چھاپہ مار کارروائیوں، تلاشی اور گرفتاریوں کی مہم کا حصہ ہے۔
پیر کی شام قابض افواج نے مقبوضہ بیت المقدس کے شمال میں واقع گاؤں جبع کے پل کو مٹی کے تودے ڈال کر بند کر دیا۔ یہ وہ واحد راستہ تھا جسے مقامی شہری الرام کے ذریعے بستی تک پہنچنے کے لیے استعمال کرتے تھے، جس کے باعث اب لوگ پیدل طویل اور متبادل راستے اختیار کرنے پر مجبور ہیں۔ یہ بندش فوجی چوکی کے قریب جبع گیٹ کی مسلسل بندش کے ساتھ ساتھ کی گئی ہے۔
جنین گورنری میں قابض اسرائیل کی بلڈوزر مسلسل دوسرے روز بھی یامون قصبے کے قریب خربہ سروج میں زرعی زمینوں کو پامال کرنے میں مصروف رہے۔ یہ تخریبی کام ایک استعماری سڑک کی تعمیر کے لیے کیا جا رہا ہے تاکہ علاقے میں ایک نئی غیر قانونی بستی قائم کرنے کی راہ ہموار کی جا سکے۔
یہ سنگین تصادم مقبوضہ بیت المقدس کے شمال اور جنین کے علاقوں میں بڑے پیمانے پر جاری چھاپوں اور ان فیلڈ اقدامات کے سائے میں ہو رہا ہے جن کا مقصد فلسطینیوں کا گھیرا تنگ کرنا اور زمین پر غاصبانہ قبضے کے نئے حقائق مسلط کرنا ہے۔


